یا خاص ہمارے واسطے یہ فرماتا ہے؟ ہاں یہ ہمارے واسطے لِکھا گیا کِیُونکہ مُناسِب ہے کہ جوتنے والا اُمِید پر جوتے اور دائیں چلانے والا حِصّہ پانے کی اُمِید پر دائیں چلائے۔
جب اَوروں کا تُم پر یہ اِختیّار ہے تو کیا ہمارا اِس سے زِیادہ نہ ہوگا؟ لیکِن ہم نے اِس اِختیّار سے کام نہِیں لِیا بلکہ ہر چِیز کی برداشت کرتے ہیں تاکہ ہمارے باعِث مسِیح کی خُوشخَبری میں ہرج نہ ہو۔
کیا تُم نہِیں جانتے کہ جو مُقدّس چِیزوں کی خِدمت کرتے ہیں وہ ہَیکل سے کھاتے ہیں؟ اور جو قُربان گاہ کے خِدمت گُذار ہیں وہ قُربان گاہ کے ساتھ حِصّہ پاتے ہیں؟
لیکِن مَیں نے اِن میں سے کِسی بات پر عمل نہِیں کِیا اور نہ اِس غرض سے یہ لِکھا کہ میرے واسطے اَیسا کِیا جائے کِیُونکہ میرا مرنا ہی اِس سے بہُتر ہے کہ کوئی میرا فخر کھو دے۔
پَس مُجھے کیا اجر مِلتا ہے؟ یہ کہ جب اِنجِیل کی منادی کرُوں تو خُوشخَبری کو مُفت کر دُوں تاکہ جو اِختیّار مُجھے خُوشخَبری کے بارے میں حاصِل ہے اُس کے مُوافِق پُورا عمل نہ کرُوں۔
مَیں یہُودِیوں کے لِئے یہُودی بنا تاکہ یہُودِیوں کو کھینچ لاؤں۔ جو لوگ شَرِیعَت کے ماتحت ہیں اُن کے لِئے مَیں شَرِیعَت کے ماتحت ہُؤا تاکہ شَرِیعَت کے ماتحتوں کو کھینچ لاؤں۔ اگرچہ خُود شَرِیعَت کے ماتحت نہ تھا۔