آخر کار دانی ایل میرے سامنے آیا جس کا نام بیلطشضر ہے جو میرے معبُود کا بھی نام ہے۔ اُس میں مُقدس الٰہوں کی رُوح ہے ۔ پس میں نے اُس کے رُوبرُو خواب کا بیان کیا اور کہا ۔
اے بیلطشضر ساحروں کے سردار چُونکہ میں جانتا ہُوں کہ مُقدس الٰہوں کی رُوح تجھ میں ہے اور کہ کوئی راز کی بات تیرے لے مُشکل نہیں اس لے جو خواب میں نے دیکھا اُس کی کیفیت اور تعبیر بیان کر۔
اُس کے پتے خُوش نما تھے اور میوہ فراوان تھا اور اُس میں سب کے لئے خُوراک تھی۔ میدان کے چرندے اُس کے سایہ میں اور ہوا کے پرندے اُس کی شاخوں پر بسیرا کرتے تھے اور تمام بشر نے اُس سے پرورش پائی۔
اُس نے بُلند آواز سے پُکار کر یُوں کہا کہ درخت کو کاٹو۔ اُس کی شاخیں تراشو اور اُس کے پتے جھاڑو اور اُس کا پھل بکھیر دو چندے اُس کے نیچے سے چلے جائیں اور پرندے اُس کی شاخوں پر سے اُڑ جائیں ۔
لیکن اُس کی جڑوں کا کُندہ زمین میں باقی رہنے دو۔ ہاں لوہے اور تابنے کے بندھن سے بندھا ہُوا میدان کی ہری گھاس میں رہنے دو اور وہ آسمان کی شبنم سے تر ہو اور اُس کا حصہ زمین کی گھاس میں حیوانوں کے ساتھ ہو۔
یہ حُکم نگہبانوں کے فیصلہ سے ہے اور یہ امر قُدسیوں کے کہنے کے مُطابق ہے تاکہ سب دی حیات پہچان لیں کہ حق تعالیٰ آدمیوں کی مملکت میں حُکمرانی کرتا ہے اور جس کو چاہتا ہے اُسے دیتا ہے بلکہ آدمیوں میں سے ادنیٰ آدمیوں کی مُملکت میں حُکمرانی کرتا ہے اور جس کو چاہتا ہے اُسے دیتا ہے بلکہ آدمیوں میں سے آدنیٰ آدمی کو اُس پر قائم کرتا ہے۔
میں نبُوکدنضر بادشاہ نے یہ خواب دیکھا ہے اے بیلطشضر تو اس کی تعبیر بیان کر کیونکہ میری مملکت کے تمام حکیم مجھ سے اُس کی تعبیر بیان نہیں کر سکتے لیکن تو کر سکتا ہے کیونکہ مُقدس الہٰوں کی رُوح تجھ میں مُوجود ہے۔
تب دانی ایل جس کا نام بیلطشضر ہے ایک ساعت تک سراسیمہ رہا اور اپنے خیالات میں پریشان ہُوا۔ بادشاہ نے اُس سے کہا اے بیلطشضر خواب اور اُس کی تعبیر سے تو پریشان نہ ہو۔ بیلطشضر نے جواب دیا اے میرے خُداوند یہ خواب تجھ سے کینہ رکھنے والوں کے لے اور اُس کی تعبیر تیرے دُشمنوں کے لئے ہو۔
اور جو بادشاہ نے دیکھا کہ ایک نگہبان ہاں ایک قُدسی آسمان سے اُترا اور کہنے لگا کہ درخت کو کاٹ ڈالو اور اُسے برباد کرو لیکن اُس کی جڑوں کا کُندہ زمین میں باقی رہنے دو بلکہ اُسے لوہے اور تابنے کے بندھن سے بندھا ہُوا میدان کی ہری گھاس میں رہنے دو کہ وہ آسمان کی شبنم سے تر ہواور جب تک اُس پر سات دور نہ گُزر جائیں اُس کا بخرہ زمین کے حیوانوں کے ساتھ ہو۔
کہ تجھے آدمیوں میں سے ہانک کر نکال دیں گے اور تو میدان کے حیوانوں کے ساتھ رہے گا اور تو بیل کی طرح گھاس کھائے گا اور آسمان کی شبنم سے تر ہوگا اور تجھ پر سات دور گزر جائیں گے۔ تب تجھ کو معلوم ہو گا کی حق تعالیٰ انسان کی مملُکت میں حُکمرانی کرتا ہے اور اُسے جس کو چاہتا ہے دیتا ہے ۔
اور یہ جو انُہوں نے حُکم کیا کہ درخت کی جڑوں کے کُندہ کو باقی رہنے دُو اُس کا مطلب یہ ہے کہ جب تو معلوم کر چُکے گا کہ بادشاہی کا اقتدار آسمان کی طرف سے ہے تو تو اپنی سلطنت پر پھر قائم ہو جائے گا۔
اس لئے اے بادشاہ تیرے حُضور میری صلاح قبُول ہو اور تو اپنی خطاوں کو صداقت سے اور اپنی بدکرداری کو مسکینوں پر رحم کرنے سے دُور کر۔ مُمکن ہے کہ اس سے تیرا اطمینان زیادہ ہو۔
اور تجھے آدمیوں میں سے ہانک کر نکال دیں گے اور تو میدان کے حیوانوں کے ساتھ رہے گا اور بیل کی طرح گھاس کھائے گا اور سات دور تجھ پر گُزریں گے تب تجھ کو معلوم ہو گا کہ حق تعالیٰ آدمیوں کی ممُلکت میں حکمرانی کرتا ہے اور اُسے جس کو چاہتا ہے دیتا ہے۔
اُسی وقت نبُوکدنضر بادشاہ پر یہ بات پُوری ہُوئی اور وہ آدمیوں میں سے نکالا گیا اور بیلوں کی طرح گھاس کھاتا رہا اور اُس کا بدن آسمان کی شبنم سے تر ہُوا یہاں تک کہ اُس کے بال عُقاب کے پروں کی مانند اور اُس کے ناخن پرندوں کے چنگل کی مانند بڑھ گئے۔
اور ان ایّام کے گُزرنے کے بعد میں نبُوکدنضر نے آسمان کی طرف آنکھیں آٹھائیں اور میری عقل مجھ میں پھر آئی اور میں نے حق تعالیٰ کا شُکر کیا اور اُس حیّ القیوم کی حمدو ثنا کی جس کی سلطنت ابدی اور جس کی مملکت پُشت در پُشت ہے۔
اور زمین کے تمام باشندے ناچیز گنے جاتے ہیں اور وہ آسمانی لشکر اور اہل زمین کے ساتھ جو کچھ چاہتا ہے کرتا ہے اور کوئی نہیں جو اُس کا ہاتھ روک سکے یا اُس سے کہے کہ تو کیا کرتا ہے؟۔
اُسی وقت میری عقل مجھ میں آئی اور میری سلطنے کی شوکت کے لے میرا رُعب اور دبدبہ پھر مجھ میں بحال ہو گیا اور میرے مُشیروں اور امیروں نے مُجھے پھر ڈھونڈا اور میں اپنی ممُلکت میں قائم ہُوا اور میری عظمت میں افزونی ہُوئی۔
اب میں نبُوکدنضر آسمان کے بادشاہ کی ستائش اور تکریم و تعظیم کرتا ہُوں کیونکہ وہ اپنے کاموں میں راست اور اپنی سب راہوں میں عادل ہے اور جو مغروری میں چلتے ہیں اُن کو ذلیل کر سکتا ہے۔