اور اُن ساتوں فرِشتوں میں سے جِن کے پاس سات پیالے تھے ایک نے آ کر مُجھ سے کہا کہ اِدھر آ۔ مَیں تُجھے اُس بڑی کسبی کی سزا دِکھاؤں جو بہُت سے پانِیوں پر بَیٹھی ہُوئی ہے۔
پَس وہ مُجھے رُوح میں جنگل کو لے گیا۔ وہاں مَیں نے قِرمزی رنگ کے حَیوان پر جو کُفر کے ناموں سے لِپا ہُؤا تھا اور جِس کے سات سر اور دس سِینگ تھے ایک عَورت کو بَیٹھے ہُوئے دیکھا۔
یہ عَورت ارغوانی اور قِرمزی لِباس پہنے ہُوئے اور سونے اور جواہِر اور موتِیوں سے آراستہ تھی اور ایک سونے کا پیالہ مکرُوہات یعنی اُس کی حرامکاری کی ناپاکِیوں سے بھرا ہُؤا اُس کے ہاتھ میں تھا۔
اُس فرِشتہ نے مُجھ سے کہا تُو حَیران کِیُوں ہو گیا؟ مَیں اِس عَورت اور اُس حَیوان کا جِس پر وہ سوار ہے اور جِس کے سات سر اور دس سِینگ ہیں تُجھے بھید بتاتا ہُوں۔
یہ جو تُو نے حَیوان دیکھا یہ پہلے تو تھا مگر اَب نہِیں ہے اور آیندہ اتھاہ گڑھے سے نِکل کر ہلاکت میں پڑے گا اور زمِین پر رہنے والے جِن کے نام بنایِ عالم وقت سے کِتابِ حیات میں لِکھے نہِیں گئے اِس حَیوان کا یہ حال دیکھ کر کہ پہلے تھا اور اَب نہِیں اور پھِر مَوجُود ہو جائے گا تعّجُب کریں گے۔
اور وہ دس سِینگ جو تُو نے دیکھے دس بادشاہ ہیں۔ ابھی تک اُنہوں نے بادشاہی نہِیں پائی مگر اُس حَیوان کے ساتھ گھڑی بھر کے واسطے بادشاہوں کا سا اِختیّار پائیں گے۔
وہ برّہ سے لڑیں گے اور برّہ اُن پر غالِب آئے گا کِیُونکہ وہ خُداوندوں کا خُداوند اور بادشاہوں کا بادشاہ ہے اور جو بُلائے ہُوئے اور برگُزیدہ اور وفادار اُس کے ساتھ ہیں وہ بھی غالِب آئیں گے۔
اور جو دس سِینگ تُو نے دیکھے وہ اور حَیوان اُس کسبی سے عَداوَت رکھّیں گے اور اُسے بیکس اور ننگا کر دیں گے اور اُس کا گوشت کھا جائیں گے اور اُس کو آگ میں جلا ڈالیں گے۔
کِیُونکہ خُدا اُن کے دِلوں میں یہ ڈالے گا کہ وہ اُس کی رای پر چلیں اور جب تک کہ خُدا کی باتیں پُوری نہ ہو لیں وہ مُتفِق اُلرّای ہوکر اپنی بادشاہی اُس حَیوان کو دے دیں۔