اگر تُو خُدا کا بَیٹا ہے تو اپنے تئیِں نیچے گِرا دے کِیُونکہ لِکھا ہے وہ تیری بابت اپنے فرِشتوں کو حُکم دے گا اور وہ تُجھے ہاتھوں پر اُٹھا لیں گے اَیسا نہ ہو کہ تیرے پاؤں کو پتھّر سے ٹھیس لگے۔
اور اُس نے گلیل کی جھِیل کے کِنارے پھِرتے ہُوئے دو بھائِیوں یعنی شمعُون جو پطرس کہلاتا ہے اور اُس کے بھائِی اِندریاس کو جھِیل میں جال ڈالتے دیکھا کِیُونکہ وہ ماہی گِیر تھے۔
اور وہاں سے آگے بڑھ کر اُس نے اور دو بھائِیوں یعنی زبدی کے بَیٹے یَعقُوب اور اُس کے بھائِی یُوحنّا کو دیکھا کہ اپنے باپ زبدی کے ساتھ کَشتی پر اپنے جالوں کی مُرَمَّت کر رہے ہیں اور اُن کو بُلایا۔
اور یِسُوع تمام گلیل میں پھِرتا رہا اور اُن کے عِبادت خانوں میں تعلِیم دیتا اور بادشاہی کی خُوشخَبری کی منادی کرتا اور لوگوں کی ہر طرح کی بیماری اور ہر طرح کی کمزوری کو دور کرتا رہا۔
اور اُس کی شُہرت تمام سُوریہ میں پھیل گئی اور لوگ سب بِیماروں کو جو طرح طرح کی بیماریوں اور تکلِیفوں میں گِرفتار تھے اور اُن کو جِن میں بَدرُوحیں تھیں اور مِرگی والوں اور مفلُوجوں کو اُس کے پاس لائے اور اُس نے اُن کو اچھّا کِیا۔