اور اُن کے باپ نے اُن کو چاندی اور سوے اور پیش قیمت چیزوں کے بڑے انعام اور فصیل دار شہر یہوداہ میں عطا کیے لیکن سلطنت یہورام کو دی کیونکہ وہ پہلوٹھا تھا۔
اور وہ اخی اب کے گھرانے کی مانند اسرائیل کے بادشاہوں کی راہ پر چلا کیونکہ اخی اب کی بیٹی اُس کی بیوی تھی اور اُس نے وہی کیا جو خُداوند کی نظر میں بُرا ہے۔
تو بھی خُداوند نے داؤد کے خاندان کو ہلاک کرنا نہ چاہا۔اُس عہد کے سبب سے جو اُس نے داؤد سے باندھا تھا اور جیسا اُس نے اُسے اور اُس کی نسل کو ہمیشہ کے لیئے ایک چراغ دینے کا وعدہ کیا تھا۔
اور ایلیاہ نبی سے اُسے اِس مضمون کا خط ملا کہ خُداوند تیرے باپ داؤد کا خُدا یوں فرماتا ہے اس لیئے کہ تُو نہ اپنے باپ یہوسفط کی راہوں پر اور نہ یہوداہ کے بادشاہ آسا کی راہوں پر چلا ۔
بلکہ اسرائیل کے بادشاہوں کی راہ پر چلا ہے اور یہوداہ اور یروشلیم کے باشندوں کو زنا کار بنایا جیسا اخی اب کے خاندان نے کیا تھا اور اپنے باپ کے گھرانے میں سے اپنے بھائیوں کو جو تُجھ سے اچھے تھے قتل بھی کیا۔
سو وہ یہوداہ پر چڑھائی کر کے اُس میں گُھس آئے اور سارے مال کو جو بادشاہ کے گھر میں ملا اور اُس کے بیٹوں اور اُس کی بیویوں کو بھی لے گئے ایسا ہو کہ یہوآخز کے سوا جو اُس کے بیٹوں میں سے سب سے چھوٹا تھا اُس کا کوئی بیٹا باقی نہ رہا۔
اور کُچھ مُدت کے بعد دو برس کے آخر میں ایسا ہوا کہ اُس کے روگ کے مارے اُس کی انتڑیاں نکل پڑیں اور وہ بُری بیماریوں سے مرگیا اور اُس کے لوگوں نے اُس کے لیئے آگ نہ جلائی جیسا اُس کے باپ داؤد کے لیئے جلاتے تھے ۔
وہ بتیس برس کا تھا جب سلطنت کرنے لگا اور اُس نے آٹھ برس یرشلیم میں سلطنت کی اور وہ بغیر ماتم کے رُخصت ہوا اور اُنہوں نے اُسے داؤد کے شہر میں دفن کیا پر شاہی قبروں میں نہیں۔