بلکہ تُم کو معلُوم ہی ہے کہ باوُجُود پیشتر فِلپّی میں دُکھ اُٹھانے اور بے عِزّت ہونے کے ہم کو اپنے خُدا میں یہ دِلیری حاصِل ہُوئی کہ خُدا کی خُوشخَبری بڑی جانفشانی سے تُمہیں سُنائیں۔
بلکہ جَیسے خُدا نے ہم کو مقبُول کر کے خُوشخَبری ہمارے سُپُرد کی وَیسے ہی ہم بیان کرتے ہیں۔ آدمِیوں کو نہِیں بلکہ خُدا کو خُوش کرنے کے لِئے جو ہمارے دِلوں کو آزماتا ہے۔
اور اُسی طرح ہم تُمہارے بہُت مُشتاق ہوکر نہ فقط خُدا کی خُوشخَبری بلکہ اپنی جان تک بھی تُمہیں دے دینے کو راضی تھے۔ اِس واسطے کہ تُم ہمارے پیارے ہو گئے تھے۔
کِیُونکہ اَے بھائِیو! تُم کو ہماری محنت اور مُشقّت یاد ہوگی کہ ہم نے تُم میں سے کِسی پر بوجھ نہ ڈالنے کی غرض سے رات دِن محنت مزدُوری کر کے تُمہیں خُدا کی خُوشخَبری کی منادِی کی۔
اِس واسطے ہم بھی بِلاناغہ خُدا کا شُکر کرتے ہیں کہ جب خُدا کا پَیغام ہماری معرفت تُمہارے پاس پہُنچا تو تُم نے اُسے آدمِیوں کا کلام سَمَجھ کر نہِیں بلکہ (جَیسا حقِیقت میں ہے) خُدا کا کلام جان کر قُبُول کِیا اور وہ تُم میں جو اِیمان لائے ہو تاثِیر بھی کر رہا ہے۔
اِس لِئے کہ تُم اَے بھائِیو! خُدا کی اُن کلِیسیاؤں کی مانِند بن گئے جو یہُودِیہ میں مسِیح یِسُوع میں ہیں کِیُونکہ تُم نے بھی اپنی قَوم والوں سے وُہی تکلِیفیں اُٹھائیں جو اُنہوں نے یہُودِیوں سے۔
اور وہ ہمیں غَیرقَوموں کو اُن کی نِجات کے لِئے کلام سُنانے سے منع کرتے ہیں تاکہ اُن کے گُناہوں کا پَیمانہ ہمیشہ بھرتا رہے لیکِن اُن پر اِنتہا کا غضب آگیا۔
اَے بھائِیو! جب ہم تھوڑے عرصہ کے لِئے ظاہِر میں نہ کہ دِل سے تُم سے جُدا ہو گئے تو ہم نے کمال آرزُو سے تُمہاری صُورت دیکھنے کی اَور بھی زِیادہ کوشِش کی۔