اور اَے سَچّے ہم خِدمت! تُجھ سے بھی دَرخواست کرتا ہُوں کہ تُو اُن عَورتوں کی مدد کر کِیُونکہ اُنہوں نے میرے ساتھ خُوشخَبری پھَیلانے میں کلیمینس اور میرے اُن باقی ہم خِدمتوں سمیت جانفشانی کی جِن کے نام کِتابِ حیات میں درج ہیں۔
غرض اَے بھائِیو! جِتنی باتیں سَچ ہیں اور جِتنی باتیں شرافت کی ہیں اور جِتنی باتیں واجِب ہیں اور جِتنی باتیں پاک ہیں اور جِتنی باتیں پسندِیدہ ہیں اور جِتنی باتیں دِلکش ہیں غرض جو نیکی اور تعرِیف کی باتیں ہیں اُن پر غَور کِیا کرو۔
اور اَے فِلِپّیو! تُم خُود بھی جانتے ہو کہ خُوشخَبری کے شُرُوع میں جب مَیں مکِدُنیہ سے روانہ ہُؤا تو تُمہارے سِوا کِسی کلِیسیا نے لینے دینے کے مُعاملہ میں میری مدد نہ کی۔
میرے پاس سب کُچھ ہے بلکہ افراط سے ہے۔ تُمہاری بھیجی ہُوئی چِیزیں اِپفُردِتُس کے ہاتھ سے لے کر مَیں آسُودہ ہو گیا ہُوں وہ خُوشبُو اور مقبُول قُربانی ہیں جو خُدا کو پسندِیدہ ہے۔