اسے خیمہ اجتماع کے دروازہ پر خداوند کے مسکن کے آگے خداوند کے حضور چڑھانے کو نہ لے جائے اس شخص پر خون کا الزام ہوگا کہ اس نے خون کیا ہے اور وہ شخص اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے۔
اس سے مقصود یہ ہے کہ بنی اسرائیل اپنی قربانیاں جنکو وہ کھلے میدان میں ذبح کرتے ہیں انہیں خداوند کے حضور خیمہ اجتماع کے دروازہ پر کاہن کے پاس لائیں اور انکو خداوند کے حضور سلامتی کے ذبیحوں کے طور پر گذرانیں۔
اور اسرائیل کے گھرانے کا یا ان پردیسیوں میں سے جو ان میں بودوباش کرتے ہیں جو کوئی کسی طرح کا خون کھائے میں اس خون کھانے والے کے خلاف ہونگا اور اسے اسکے لوگوں میں سے کاٹ ڈالونگا۔
کیونکہ جسم کی جان خون میں ہے اور میں نے مذبح پر تمہاری جانوں کے کفارہ کے لئے اسے تم کو دیا ہے کہ اس سے تمہاری جانوں کے کفارہ ہو کیونکہ جان رکھنے ہی کے سبب سے خون کفارہ دیتا ہے۔
اور بنی اسرائیل میں سے یا ان پردیسیوں میں سے جو ان میں بودباش کرتے ہیں جو کوئی شکار میں ایسے جانور یا پرندہ کو پکڑے جسکو کھانا ٹھیک ہے تو وہ اسکے خون کو نکال کر اسے ڈھانک دے۔
کیونکہ جسم کی جان جو ہے وہ اسکا خون ہے جو اسکی جان کے ساتھ ایک ہے۔ اسی لئے میں نے بنی اسرائیل کو حکم کیا ہے کہ تم کسی قسم کے جانور کا خون نہ کھانا کیونکہ ہر جانور کی جان اسکا خون ہی ہے۔ جو کوئی اسے کھائے وہ کاٹ ڈلا جایئگا۔
اور جو شخص مردار کو یا درندہ کے پھاڑے ہوئے جانور کو کھائے وہ خواہ دیسی ہو یا پردیسی اپنے کپڑے دھوئے اور پانی سے غسل کرے اور شام تک ناپاک رہے تب وہ پاک ہوگا۔