کہ ہماری خاطر خداوند سے دریافت کر کیونکہ شاہِ بابلؔ نبو کدرؔ ضر ہمارے ساتھ لڑائی کرتا ہے۔ شاید خداوند ہم سے اپنے تمام عجیب کاموں کے موافق ایسا سلوک کرے کہ وہ ہمارے پاس سے چلا جائے۔
کہ خداوند اِسرائیل ؔ کا خدا یوں فرماتا ہے کہ دیکھ میں لڑائی کے ہتھیاروں کو جو تمہارے ہاتھ میں ہیں جن سے تم شاہِ بابلؔ اور کسدیوں کے خلاف جو فصیل کے باہر تمہارا محاصرہ کئے ہُوئے ہیں لڑتے ہو پھیردونگا اور میں اُ نکو اِس شہر کے بیچ میں اکٹھے کرونگا ۔
اورخداوند فرماتا ہے پھر میں شاہِ یہوداہؔ صدقیاہؔ کو اور اُسکے ملازموں اور عام لوگوں کو جواِس شہر میں وبا اور تلوار اور کال سے بچ جائینگے شاہِ بابلؔ نبوکدرضرؔ اور اُنکے مخالفوں اور جانی دُشمنوں کے حوالہ کرونگا اور وہ اُنکو تہ تیغ کریگا ۔ نہ اُنکو چھوڑیگا نہ اُن پر ترس کھائیگا اور نہ رحم کریگا۔
جو کوئی اِس شہر میں رہیگا وہ تلوار اور کال اور وبا سے مریگا لیکن جو نکل کر کسدیوں میں جو تم کو گھیرے ہُوئے ہیں چلائیگا وہ جِئیگا اور اُسکی جان اُسکے لئے غنیمت ہوگی ۔
اَے داؤدؔ کے گھرانے !خداوند یوں فرماتا ہے کہ تم سویرے اُٹھکر اِنصاف کرو اور مظلوم کوظالم کے ہاتھ سے چھڑاؤ مبادا تمہارے کاموں کی بُرائی کے سبب سے میرا قہر آگ کی طرح بھڑکے اور ایسا تیز ہو کہ کوئی اُسے ٹھنڈا نہ کرسکے ۔
اَے وادی کی بسنے والی ! اَے میدان کی چٹان پر رہنے والی جو کہتی ہے کہ کون ہم پر حملہ کر یگا یا ہمارے مسکنوں میں کون آگھسیگا ؟ خداوند فرماتا ہے میں تیرا مخالف ہوں۔