سو میں نے کیکر کی لکڑی کا ایک صندوق بنایا اور پہلی لوحوں کی مانند پتھر کی دو لوحیں تراش لیں اور اُن دونوں لوحوں کو اپنے ہاتھ میں لیے ہوئے پہاڑ پر چڑھ گیا ۔
او ر جو دس حکم خداوند نے مجمع کے دن پہاڑ پر آگ کے بیچ میں دے تمکو دئے تھے اُن ہی کو پہلی تحریر کے مطابق اُس نے اِن لوحوں پر لکھ دیا ۔ پھر اِن کو خداوند نے میرے سپرد کیا ۔
تب میں پہاڑ سے لوٹ کر نیچے آیا اور اِن لوحوں کو اُس صندوق میں جو میں نے بنایا تھا دھر دیا اور خداوند کے حکم کے مطابق جو اُس نے مجھے دیا تھا وہ وہیں رکھی ہوئی ہیں ۔
( پھر بنی اسرائیل بیروت بنی یعقان سے روانہ ہو کر موسیرہ میں آئے ۔ وہیں ہارون نے رحلت کی اور دفن بھی ہوا اور اُسکا بیٹا الیعزر کہانت ک منصب پر مقرر ہو کر اُس کی جگہ خدمت کرنے لگا ۔
اُسی موقع پر خداوند نے لاوی کے قبیلہ کو اِس غرض سے الگ کیا کہ وہ خداوند کے عہد کے صندوق کو اُٹھایا کرے اور خداوند کے حضور کھڑا ہو کر اُس کی خدمت کو انجام دے اور اُس کے نام سے برکت دیا کرے جیسا آج تک ہوتا ہے ۔
پھر خداوند نے مجھ سے کہا اُٹھ اور اِن لوگوں کے آگے روانہ ہو تاکہ یہ اُس مُلک پر جا کر قبضہ کر لیں جسے اُنکو دینے کی قسم میں نے اُنکے باپ دادا سے کھائی تھی ۔
پس اے اسرائیل ! خداوند تیرا خدا تجھ سے اِس کے سِوا اور کیا چاہتا ہے کہ تُو خداوند اپنے خدا کا خوف مانے اور اُسکی سب راہوں پر چلے اور اُسے محبت رکھے اور اپنے سارے دل اور اپنی ساری جان سے خداوند اپنے خدا کی بندگی کرے ۔