خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مُوآب کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے میں اُس کو بے سزا نہ چھوڑوں گا کیونکہ اُس نے شاہ اُودم کی ہڈیوں کو جلا کر چُونا بنا دیا ہے۔
خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ یہُوداہ کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے میں اُس کو بے سزا نہ چھوڑوں گا کیونکہ اُنہوں نے خُداوند کی شریعت کو رد کیا اور اُس کے احکام کی پیروی نہ کی اور اُن کے جُھوٹے معبُودوں نے جن کی پیروی اُن کے باپ دادا نے کی اُن کو گُمراہ کیا ہے۔
خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اسرائیل کے تین بلکہ چار گُناہوں کے سبب سے میں اُس کو بے سزا نہ چھوڑوں گا کیونکہ اُنہوں نے صادق کو رُوپیہ کی خاطر اور مسکین کو جُوتیوں کے جوڑے کی خاطر بیچ ڈالا۔
وہ مسکینوں کے سر پر کی گرد کا بھی لالچ رکھتے ہیں اور حلیموں کو اُن کی راہ سے گمراہ کرتے ہیں اور باپ بیٹا ایک ہی عورت کے پاس جانے سے میرے مُقدس نام کی تکفیر کرتے ہیں۔
حالانکہ میں ہی نے اُن کے سامنے سے اموریوں کو نیست کیا جو دیوداروں کی مانند بُلند اور بُلوطوں کی مانند مضُبوط تھے۔ ہاں میں ہی نے اُوپر سے اُن کا پھل برباد کیا اور نیچے سے اُن کی جڑیں کاٹیں۔