اور جب وہ سلطنت کرنے لگا تو بیس سال برس کا تھا اور اُس نے سولہ برس یروشلیم میں بادشاہی کی اور اُس نے وہ کام نہ کیا جو خُداوند اُسکے خدا کی نظر میں بھلا ہے جیسا کہ اُس کے باپ داود نے کیا تھا ۔
بلکہ وہ اسرائیل کے بادشاہوں کی راہ پر چلا اور اُس نے اُن قوموں کے نفرقتی دستور کے مطابق جنکو خُداوند نے بنی اسرائیل کے سامنے سے خارج کر دیا تھا اپنے بیٹے کو بھی آگ میں چلوایا ۔
اُس وقت شاہِ ارام رضین نے ایلات کو فتح کر کے پھر ارام میں شامل کر لیا اور یہودیوں کو ایلات سے نکال دیا اور ارامی ایلات میں آکر وہاں بس گئے جیسا آج تک ہے ۔
سو آخز نے شاہِ اسور تگلت پلاسر کے پاس ایلچی روانہ کیے اور کہلا بھیجا کہ میں تیرا خادم اور بیٹا ہوں سو تُو آ اور مجھ کو شاہِ ارام کے ہاتھ سے شاہِ اسرائیل کے ہاتھ سے جو مجھ پر چڑھ آئے ہیں رہائی دے ۔
اور شاہِ اسور نے اُسکی بات مانی چنانچہ شاہِ اسور نے دمشق پر لشکر کشی کی اور اُسے لے لیا اور وہاں کے لوگوں کو اسیر کر کے قیر میں لے گیا او ر رضین کو قتل کیا۔
اور آخز بادشاہ شاہِ اسور تگلت پلاسر کی مُلاقات کے لیے دمشق کو گیا اور اُس مذبح کو دیکھا جو دمشق میں تھا اور آخز بادشاہ نے اُس مذبح کا نقشہ اور اُسکی ساری صنعت کا نمونہ اوریاہ کاہن کے پاس بھیجا ۔
اور اوریاہ کاہن نے ٹھیک اُسی نمونہ کے مطابق جسے آٓخز نے دمشق سے بھیجا تھا ایک مذبح بنایا اور آخز بادشاہ کے دمشق نے لوٹنے تک اوریاہ کاہن نے اُسے تیار کر دیا ۔
اور اُس نے پیتل کا وہ مذبح جو خداوند کے آگے تھا ہیکل کے سامنے سے یعنی اپنے مذبح اور خداوند کی ہیکل کے بیچ میں سے اُٹھوا کر اُسے اپنے مذبح کے شمال کی طرف رکھوا دیا ۔
اور آخز بادشاہ نے اوریاہ کاہن کو حکم کیا کہ بڑے مذبح پر صبح کی سوختنی قُربانی اور شام کی نذر کی قُربانی اور بادشاہ کی سوختنی قُربانی اور اُسکی نذر کی قُربانی اور مملکت کے سب لوگوں کی سوختنی قُربانی اور اُنکی نذر کی قُربانی اور اُنکا تپاون چڑھایا کر اور سوختنی قُربانی کا سارا خون اور ذبیحہ کا سارا خون اُس پر چھڑکا کر اور پیتل کا وہ مذبح میرے سوال کرنے کے لیے رہے گا ۔
اور آخز بادشاہ نے کُرسیوں کے کناروں کو کاٹ ڈالا اور اُنکے اوپر کے حوض کو اُن سے جُدا کر دیا اور اُس بڑے حوض کو پیتل کے بیلوں پر سے جو اُسکے نیچے تھے اُتار کر پتھروں کے فرش پر رکھ دیا ۔
اور اُس نے اُس راستہ کو جس پر چھت تھی اور جسے اُنہوں نے سبت کے دن کے لیے ہیکلکے اندر بنایا تھا اور بادشاہ کے در آمد کے راستہ کو جو باہر تھا شاہِ اسور کے سبب سے خُداوند کے گھر میں شامل کر دیا ۔