پَس جَیسے تُم ہر بات میں اِیمان اور کلام اور عِلم اور پُوری سرگرمی اور اُس محبّت میں جو ہم سے رکھتے ہو سبقت لے گئے ہو وَیسے ہی اِس خَیرات کے کام میں بھی سبقت لے جاؤ۔
کِیُونکہ تُم ہمارے خُداوند یِسُوع مسِیح کے فضل کو جانتے ہو کہ وہ اگرچہ دَولتمند تھا مگر تُمہاری خاطِر غرِیب بن گیا تاکہ تُم اُس کی غرِیبی کے سبب سے دَولتمند ہو جاؤ۔
اور مَیں اِس امر میں اپنی رائے دیتا ہُوں کِیُونکہ یہ تُمہارے لِئے مُفِید ہے اِس لِئے کہ تُم پِچھلے سال سے نہ صِرف اِس کام میں بلکہ اِس کے اِرادہ میں بھی اوّل تھے۔
اور صِرف یہی نہِیں بلکہ وہ کلِیسیاؤں کی طرف سے اِس خَیرات کے بارے میں ہمارا ہمسفر مُقرّر ہُؤا اور ہم یہ خِدمت اِس لِئے کرتے ہیں کہ خُداوند کا جلال اور ہمارا شَوق ظاہِر ہو۔
اور ہم نے اُن کے ساتھ اپنے اُس بھائِی کو بھیجا ہے جِس کو ہم نے بہُت سی باتوں میں بار ہا آزما کر سرگرم پایا ہے مگر چُونکہ اُس کو تُم پر بڑا بھروسا ہے اِس لِئے اَب بہُت زِیادہ سرگرم ہے۔
اگر کوئی طِطُس کی بابت پُوچھے تو وہ میرا شرِیک اور تُمہارے واسطے میرا ہم خِدمت ہے۔ اگر ہمارے بھائِیوں کی بابت پُوچھا جائے تو وہ کلِیسیاؤں کے قاصِد اور مسِیح کا جلال ہیں۔