اَے میرے بچّو! یہ باتیں مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم گُناہ نہ کرو اور اگر کوئی گُناہ کرے تو باپ کے پاس ہمارا ایک مددگار موجُود ہے یعنی یِسُوع مسِیح راستباز۔
لیکِن جو اپنے بھائِی سے عَداوَت رکھتا ہے وہ تارِیکی میں ہے اور تارِیکی ہی میں چلتا ہے اور یہ نہِیں جانتا کہ کہاں جاتا ہے کِیُونکہ تارِیکی نے اُس کی آنکھیں اَندھی کر دی ہیں۔
اَے بُزُرگو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ جو اِبتدا سے ہے اُسے تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں تُمہیں اِس لِئے لِکھتا ہُوں کہ تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔ اَے لڑکو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم باپ کو جان گئے ہو۔
اَے بُزُرگو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا کہ جو اِبتدا سے ہے اُس کو تُم جان گئے ہو۔ اَے جوانو! مَیں نے تُمہیں اِس لِئے لِکھا ہے کہ تُم مضبُوط ہو اور خُدا کا کلام تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اُس شرِیر پر غالِب آ گئے ہو۔
اَے لڑکو! یہ اخِیر وقت ہے اور جَیسا تُم نے سُنا ہے کہ مُخالِفِ مسِیح آنے والا ہے۔ اُس کے مُوافِق اَب بھی بہُت سے مُخالِفِ مسِیح پَیدا ہو گئے ہیں۔ اِس سے ہم جانتے ہیں کہ یہ اخِیر وقت ہے۔
وہ نِکلے تو ہم ہی میں سے مگر ہم میں سے تھے نہِیں۔ اِس لِئے کہ اگر ہم میں سے ہوتے تو ہمارے ساتھ رہتے لیکِن نِکل اِس لِئے گئے کہ یہ ظاہِر ہو کہ وہ سب ہم میں سے نہِیں ہیں۔
مَیں نے تُمہیں اِس لِئے نہِیں لِکھا کہ تُم سَچّائی کو نہِیں جانتے بلکہ اِس لِئے کہ تُم اُسے جانتے ہو اور اِس لِئے کہ کوئی جھُوٹ سَچّائی کی طرف سے نہِیں ہے۔
اور تُمہارا وہ مسح جو اُس کی طرف سے کِیا گیا تُم میں قائِم رہتا ہے اور تُم اِس کے محتاج نہِیں کہ کوئی تُمہیں سِکھائے بلکہ جِس طرح وہ مسح جو اُس کی طرف سے کیا گیا تُمہیں سب باتیں سِکھاتا ہے اور سَچّا ہے اور جھُوٹا نہِیں اور جِس طرح اُس نے تُمہیں سِکھایا اُسی طرح تُم اُس میں قائِم رہتے ہو۔