مُجھ بُزُرگ کی طرف سے اُس برگُزِیدہ بی بی اور اُس کے فرزندوں کے نام جِن سے مَیں اُس سَچّائی کے سبب سے سَچّی محبّت رکھتا ہُوں جو ہم میں قائِم رہتی ہے اور ابد تک ہمارے ساتھ رہے گی۔
اب اَے بی بی! مَیں تُجھے کوئی نیا حُکم نہِیں بلکہ وُہی جو شُرُوع سے ہمارے پاس ہے لِکھتا اور تُجھ سے مِنّت کر کے کہتا ہُوں کہ آؤ ہم ایک دُوسرے سے محبّت رکھّیں۔
کِیُونکہ بہُت سے اَیسے گُمراہ کرنے والے دُنیا میں نِکل کھڑے ہُوئے ہیں جو یِسُوع مسِیح کے مُجّسم ہوکر آنے کا اِقرار نہِیں کرتے، گُمراہ کرنے والا اور مُخالِفِ مسِیح یہی ہے۔
جو کوئی آگے بڑھ جاتا ہے اور مسِیح کی تعلِیم پر قائِم نہِیں رہتا اُس کے پاس خُدا نہِیں، جو اُس تعلِیم پر قائِم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور بَیٹا بھی۔
مُجھے بہُت سی باتیں تُم کو لِکھنا ہے مگر کاغذ اور سیاہی سے لِکھنا نہِیں چاہتا بلکہ تُمہارے پاس آنے اور رُوبرُو بات چِیت کرنے کی اُمِید رکھتا ہُوں تاکہ تُمہاری خُوشی کامِل ہو۔